WELCOME TO JAHAN-E-NAAT

 جہانِ نعت کے لئے محترم غلام ربانی فداؔ صاحب کے چند سوالات کا منظوم جواب

احمد علی برقی ؔ اعظمی

پوچھتے ہیں مجھ سے وہ میرا تعارف کیا کہوں

میرے والد برقؔ تھے اور میں ہوں برقیؔ اعظمی


شہرِ اعظم گڈھ ہے یوں تو میرا آبائی وطن

کھینچ لائی شہرِ دہلی میں زبانِ فارسی


ریڈیو کے فارسی شعبے سے ہوں اب مُنسلک

ضوفگن ہے برقؔ سے برقیؔ کے فن کی روشنی


اردو کی ویب سائٹوں پر کرتا ہوں عرضِ ہُنر

میرا فطری مشغلہ ہے چونکہ عصری آگہی


میری خوئے بے نیازی ہے مجھے بیحد عزیز

میرے ادبی ذوق کی مظہر ہے میری شاعری


ہوتا میں بھی گر زمانہ ساز تو سب جانتے

ہوں مقامی سطح پر اب تک شکارِ بے رُخی


یوں تو ہوں اربابِ دانش میں سبھی سے روشناس

مجھ کو شاید وہ سمجھتے ہیں ابھی تک مبتدی


ہیں فصیلِ شہر سے باہر ہزاروں قدرداں

باعثِ ذہنی سکوں ہے اُن سے میری دوستی


میرے والد کا تصرف ہے مرا عرضِ ہُنر

ان کے فکر و فن کی ہے میرے سخن میں تازگی


جملہ اصنافِ سخن سے یوں تو ہے مجھ کو لگاؤ

ہے یہ ’’یادِ رفتگاں ‘‘وجہہِ نشاطِ معنوی


پہلے موضوعاتی تھا عرضِ ہُنر کا دایرہ

میری غزلوں میں بھی ہے جس سے تسلسل آج بھی


شاعری کی جان ہے حمدِ خدا نعتِ رسولﷺ

روح کو ہوتی ہے حاصل جس سے اک آسودگی


نعت میں حسان بن ثابت کو ہے اک امتیاز

نعت گوئی کا سلیقہ ہے اسی کا مقتضی


نعت میں حفطِ مراتب کا ضروری ہے لحاظ

وہ سعادتمند ہے لکھتا ہے جو نعتِ نبیﷺ


یہ جہانِ نعت کے ہے کچھ سوالوں کا جواب

ہے فدا ربّانی کا ممنون برقیؔ اعظمی